مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل کی مرحوم بھائی کی خودکشی کی تصدیق

45 / 100

فائل:فوٹو

لاہور:معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے یوسف جمیل نے مرحوم بھائی عاصم جمیل کی خودکشی کی تصدیق کر دی۔ مرحوم عاصم جمیل کی نمازِ جنازہ آج شام ساڑھے 7 بجے ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائے گی۔

یوسف جمیل نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے بھائی کی خود کشی سے متعلق خبروں کی تصدیق کی اور کہا کہ میں مرحوم بھائی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی منفی خبروں کا سد باب کرنے کے لیے یہ ویڈیو پیغام انتہائی بوجھل دل کے ساتھ ریکارڈ کر وا رہا ہوں۔

انہوں نے جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں بعداز سلام کہاکہ میں انتہائی بوجھل دل اور افسوس کے ساتھ یہ ویڈیو ریکارڈ کروا رہا ہوں، آج شام میرے چھوٹے بھائی عاصم جمیل کا انتقال ہو گیا، یہ ہمارے اہل خانہ کے لیے ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔

یوسف جمیل نے کہا کہ میڈیا پر آ کر ویڈیو اس لیے ریکارڈ کروا رہا ہوں کہ میرے بھائی سے متعلق منفی خبریں میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور ان کی وضاحت کے لیے حاضر ہوا ہوں۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بھائی عاصم جمیل بچپن سے شدید ڈپریشن کے مریض تھے، گزشتہ 6 ماہ سے ان کی بیماری نے شدت اختیا کر لی تھی، جس کی وجہ سے انہیں الیکٹرک شاک لگائے جا رہے تھے تاکہ ان کے ڈپریشن کو کنٹرول کیا جا سکے لیکن اس کے باوجود کوئی افاقہ نہ ہوا۔

یوسف جمیل نے یہ بھی بتایا کہ آج اتفاقاً عاصم جمیل گھر میں اکیلے تھے تو انہوں نے باہر سیکیورٹی پر تعینات گارڈ سے بندوق لیکر اپنی تکلیف اور اذیّت سے تنگ آ کر خود کو گولی مار لی۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر جو بھی باتیں گردش کر رہی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے، یہ اللہ کی تقدیر تھی اور ہم اللہ کے اس فیصلے پر راضی ہیں، آپ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے۔

یاد رہے کہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے مرحوم عاصم جمیل کی نمازِ جنازہ آج شام ساڑھے 7 بجے ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائے گی۔

Comments are closed.