توشہ خانہ کیس ،سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منظور

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منظور کر لی۔

نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے، نواز شریف کے ہمراہ مریم نواز شریف اور وکلا کی ٹیم بھی تھی۔

اس موقع پر ن لیگی رہنما احسن اقبال، حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور خیل داس بھی کمرہ عدالت میں میں موجود تھے۔

عدالت میں نوازشریف کے ضمانتی کے طور پر ن لیگی رہنما طارق فضل چودھری کو مقرر کیا گیا۔

بعدازاں عدالت نے توشہ خانہ گاڑیوں کے کیس میں نواز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی گئی، آئندہ سماعت پر نقول تقسیم کی جائیں گی۔

سماعت سے قبل نواز شریف کی جانب سے ان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے استدعا کی کہ باقی روٹین کے کیسز سن لیں، ہمیں وقت دیا جائے، اس پر عدالت نے نواز شریف کو پیش ہونے کیلئے ایک سے ڈیڑھ بجے تک کا وقت دے دیا۔

نواز شریف کے وکیل نے عدالت میں 3 درخواستیں دائر کروا دی ہیں جن میں توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضم شدہ پراپرٹی کو ریلیز کرنے، پلیڈر مقرر کرنے اور عدالت میں ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی درخواستیں شامل ہیں۔

نواز شریف کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، احتساب عدالت میں صرف متعلقہ وکلاء اور صحافیوں کو داخلے کی اجازت تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں احتساب عدالت نے نواز شریف کے 24 اکتوبر تک دائمی وارنٹ معطل کیے تھے، عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کے 24 اکتوبر کو پیش نہ ہونے کی صورت میں دائمی وارنٹ بحال کر دیے جائیں گے۔

Comments are closed.