آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس ،اسحاق ڈار شریک ملزمان سمیت بری

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اپنے شریک ملزمان سمیت آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں بری ہوگئے۔ احتساب عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ نیب بیان کی روشنی میں یہ ریفرنس ختم کیا جارہا ہے۔ نیب پراسکیوٹر افضل قریشی نے عدالتی حکم پر تحریری بیان جمع کرواتے ہوئے کہا تھا کہ ناکافی کرپشن شواہد کی روشنی میں کیس آگے نہیں چلایا جاسکتا عدالت ملزمان کو بری کرتے تو نیب کو اعتراض نہیں۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار انکے شریک ملزم سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد، منصور رضا اور محمد نعیم کو بری کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

عدالت نے مختصر فیصلے میں کہا کہ نیب پراسیکوٹر کے بیان کی روشنی میں یہ کیس ختم کیا جارہا ہے۔ نیب پراسیکوٹر افضل قریشی نے پراسکیوٹر جنرل نیب سید احتشام قادر شاہ کی جانب سے تحریری بیان جمع کرواتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے ہی بیان دیا تھا کہ اسحاق ڈار کو بری کرنے پر نیب کو اعتراض نہیں۔ اس کیس میں شواہد موجود نہیں ہیں اس لیے مزید نہیں چلایا جاسکتا اگر عدالت بری کرتی ہے تو انہیں اعتراض نہیں۔

سابق وزیر خزانہ کے وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے کہا کہ اس کیس میں فرد جرم عائد ہوچکا ہے۔ یہاں پر ہمیں دو طرح کی صورتحال کاسامنا ہے کیونکہ عدالت اپنے گزشتہ فیصلے میں لکھ چکی ہے کہ اس کیس میں شواہد موجود نہیں ہیں اس لیے کیس بند کیا جارہا ہے اب الزام ثابت نہ ہونے کی صورت میں بری کرنا چاہیے تھا۔

بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو نیب کے بیان کی روشنی میں بری کردیا۔ آمدن سے زائد کیس دوہزار سترہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں دائر کیا گیا تھا۔

Comments are closed.