نواز شریف اسلام آباد ائرپورٹ اترے، ہیلی کاپٹر سےلاہور روانہ ہو ئے
فائل:فوٹو
اسلام آباد:قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف اسلام آباد ائرپورٹ اترے، ہیلی کاپٹر سےلاہور روانہ ہو ئے، ان کا طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا تھا ضروری قانونی امور نمٹائے۔
سابق وزیراعظم کا طیارہ ایف زیڈ4525 بندر عباس کے راستے ایران سے ہوتا ہوا پنجگورکے قریب پاکستان کی حدود میں داخل ہوا، اسلام آباد اترے اور چند گھنٹے قیام کیا، ائرپورٹ سے باہر نہیں آئے۔
اسلام آباد کے ایئر ریڈار میں داخل ہونے پر ٹریفک کنٹرول نے نواز شریف کے طیارے کو خوش آمدید کہا اور طیارے کو وفاقی دارالحکومت میں لینڈنگ کیلئے گرین سگنل دیا۔
سابق وزیراعظم کے ہمراہ 148 مسافر خصوصی پرواز میں پاکستان آئے ہیں جبکہ لیگی رہنما عرفان صدیقی، ناصر جنجوعہ اور ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے طیارہ ’امید پاکستان‘ ایک گھنٹہ 34 منٹ تاخیر سے 11 بجکر 4 منٹ پر دبئی ائیرپورٹ سے روانہ ہوا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم قانونی ٹیم سے مشاورت کریں گے، قانونی ٹیم میں اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز سمیت دیگر شامل ہوں گے، نواز شریف کو دونوں کیسز سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
نوازشریف قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہونگے، اعظم نذیر تارڑ نواز شریف کے ہمراہ لاہور پہنچیں گے، امجد پرویز سمیت قانونی ٹیم کے دیگر ممبرز اسلام آباد میں ہی رکیں گے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف مینار پاکستان پہنچ کر جلسے سے خطاب کریں گے۔
ادھرقائد ن لیگ نواز شریف کیلئے لاہور کے شاہی قلعہ گراوٴنڈ میں ہیلی پیڈ تیار کر لیا گیا۔
سابق وزیراعظم لاہور کے مینار پاکستان جلسے سے خطاب کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچیں گے اور ہیلی کاپٹر شاہی قلعہ دیوان عام کے سامنے گراوٴنڈ میں لینڈ کرے گا جس کے لئے گراوٴنڈ میں ہیلی پیڈ تیار کر لیا گیا ہے۔
نواز شریف کے ہیلی کاپٹر کے لئے ہیلی پیڈ سول ڈیفنس نے تیار کیا ہے اور شاہی قلعہ میں روشنی کیلئے لائٹس بھی لگائی گئی ہیں۔
قائد ن لیگ کو شاہی قلعہ سے مینار پاکستان تک گاڑی میں بٹھا کر لے جایا جائے گا، سابق وزیراعظم شاہی قلعہ اور گردوارہ کے درمیان سڑک کے راستے جلسہ گاہ پہنچیں گے اور گریٹر اقبال پارک میں جلسے سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے استقبال کیلئے ملک بھر سے قافلے لاہور پہنچنے لگے۔
سکھر والوں نے جلسے کیلئے سپیشل ٹرین چلا دی، خیبرپختونخوا سے ” امید پاکستان “ ٹرین کی روانگی ہوئی ہے جبکہ کلر کہار سے گاڑیوں کا قافلہ لاہور پہنچ گیا ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، جہلم ، صادق آباد، پشاور، جہانیاں، کوئٹہ، حیدر آباد، دادو، ڈی آئی خان، میرپور خاص، مظفر آباد، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر سے قافلے قائد کے استقبال کیلئے لاہور کی جانب رواں دواں ہیں۔
لیگی کارکنوں کی جانب سے قائد کی آمد کی خوشی میں دھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی جا رہی ہے۔
وطن واپس پہنچنے پر پارٹی کی جانب سے نواز شریف کا شاندار استقبال کیا جائے گا، سابق وزیر اعظم کی آمد پر لاہور شہر پر پھول نچھاور کئے جائیں گے، سیسنا طیارے لاہور پر پھول گرائیں گے، اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے نجی فضائی کمپنی سے رابطہ کیا جسے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجازت بھی دے دی ہے، نواز شریف کی آمد پر ڈیڑھ گھنٹے تک دو طیارے شہر پر پھول برسائیں گے۔
دوسری جانب نواز شریف کے استقبال کیلئے مختلف علاقوں سے آئے لیگی کارکنوں کی کثیر تعداد جلسہ گاہ میں موجود ہے، پنڈال میں پارٹی پرچموں کی بہار، سٹیج پر بڑی سکرین لگا دی گئی، جلسہ گاہ اور اس کے اطراف قائد (ن) لیگ کی تصاویر والے خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں پارٹی ترانے بجائے جا رہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی کے موقع پر لاہور میں مینار پاکستان گراوٴنڈ میں جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔
مینار پاکستان گراوٴنڈ میں ایک لاکھ 30 ہزار 686 اسکوائر فٹ جگہ پر جلسے کے انتظامات کئے گئے ہیں، مسلم لیگ ن کی جانب سے 40 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
گراوٴنڈ میں لائٹس اور میوزک کے ساتھ ساتھ بڑی بڑی سکرینیں لگانے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
Comments are closed.