سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپیں،سرغنہ سمیت 6 دہشتگرد ہلاک، 4 اہلکار شہید
فوٹو: فائل
راولپنڈی: شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپیں،سرغنہ سمیت 6 دہشتگرد ہلاک، 4 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے گڑیوم میں جھڑپ کے دوران 6 دہشتگرد مارے گئے، مرنے والوں میں دہشتگردوں کا انتہائی اہم سرغنہ حضرت زمان عرف خاورے ملا بھی شامل ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں سرگرم اور انتہائی مطلوب تھا۔ شمالی وزیرستان آپریشن کے دوران 3 سیکیورٹی اہلکاروں نے مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن میں لانس نائیک اور دو سپاہی شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والوں میں 36 سالہ لانس نائیک تبسم کا تعلق ضلع راولپنڈی، 30 سالہ شہید سپاہی نعیم اختر کا تعلق اٹک اور 23 سالہ شہید سپاہی عبدالحمید کا تعلق ملتان سے تھا۔
ادھر جنوبی وزیرستان کے علاقے عسمان منزہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا، 25 سالہ سپاہی فرمان علی کا تعلق ضلع کشمور سندھ سے ہے۔
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments are closed.