معیشت میں بہتری آنے سے پاکستان میں برطانوی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا، جین میریٹ
فائل:فوٹو
کراچی: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کاکہناہے کہ پاکستان معیشت میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کررہا ہے انتخابات اور معیشت میں بہتری آنے کے تقریبا 6 ماہ بعد پاکستان میں برطانوی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں فارما سیکٹر کی لسٹڈ کمپنی ہیلیون پاکستان لمیٹڈ کے نئے سرمایہ کاری منصوبے پر گھنٹی بجاکر کاروبار کے آغاز کی تقریب سے خطاب اور میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ٹیکنالوجی کے شعبے میں پوٹینشل ہے جس میں برطانوی سرمایہ کاری آسکتی ہے جبکہ سیاحتی شعبے میں ترقی نظر آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی وہ شہر جہاں برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوتے ہیں۔ توقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت وسرمایہ کاری میں اضافے کا تسلسل جاری رہے گا۔
برطانوی ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان معیشت میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔ آنے والے مہینوں میں پاکستان کی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن ہوتے دیکھ رہے ہیں۔
جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں 200 برطانوی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی ہوئی ہے ان کمپنیوں کی خدمات کے نتیجے میں لوگوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں، ہیلیون ناصرف پاکستانیوں کی خدمت کررہا ہے بلکہ پاکستان کی معیشت میں ہیلیون جیسی برطانوی کمپنیاں بہتری کردار ادا کررہی ہیں۔ برطانیہ میں 1.6ملین پاکستانی رہتے ہیں جبکہ پاکستان میں ایک لاکھ برطانوی رہائش پذیر ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیلیون پاکستان لمیٹڈ کے سی ای او فرحان ہارون نے کہا کہ ہیلیون پاکستان میں 12ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے جن میں پیناڈول کی ان ہاوس پروڈکشن پر 10ملین ڈالر اور سی اے سی پر 2ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ نئی سرمایہ کاری سے پاکستان میں پیناڈول ٹیبلیٹس کی سالانہ پیداوار 6ارب ٹیبلیٹس سے بڑھکر 8ارب ٹیبلیٹس ہوجائے گی۔ ہیلیون پاکستان میں تیار ہونے والے پیناڈول ٹیبلیٹس مشرق وسطی اور افریقہ کو بھی برآمد کرے گا۔
Comments are closed.