ملالہ یوسفزئی کا حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ پرردعمل آگیا

45 / 100

فائل:فوٹو

لندن :نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ملالہ یوسف زئی نے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں گزشتہ چند دنوں سے افسوس ناک خبریں ملاحظہ کر رہی ہوں، اس دوران مجھے ان فلسطینی اور اسرائیلی بچوں کا خیال ا? رہا ہے، جو اس صورتِ حال سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں صرف 11 برس کی تھی جب میں نے تشدد اور دہشت گردی کا مشاہدہ کیا، صبح سویرے ہم مارٹر گولوں کی آوازوں سے بیدار ہوتے تھے، اپنے اسکولوں اور مساجد کو بموں سے تباہ ہوتے ہوئے دیکھتے تھے، امن جیسے صرف ایک خواب بن کر رہ گیا تھا۔

سماجی کارکن نے مزید لکھا ہے کہ جنگ ہمیشہ بچوں پر اثر انداز ہوتی ہے چاہے وہ اسرائیل کے گھروں سے اٹھائے گئے بچے ہوں یا غزہ میں بھوکے، پیاسے اور فضائی حملوں کے ڈر سے چھپے ہوئے بچے ہوں۔

انہوں نے آخر میں یہ بھی لکھا ہے کہ آج میں ان تمام بچوں اور لوگوں کے لیے غمزدہ ہوں جو مقدس سر زمین میں امن اور انصاف کے خواہاں ہیں۔

Comments are closed.