عدالت کا شیخ رشید احمد کو ایک ہفتہ میں برآمد کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم

45 / 100

فائل:فوٹو

راولپنڈی:سابق وزیر داخلہ شیخ رشید و دیگر کی گرفتاری کیخلاف دائر پٹیشن پر ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں سماعت کے دوران آر پی او راولپنڈی کی رپورٹ پر عدالت سخت برہم، قرار دیا کہ آئندہ ہفتہ تک شیخ رشید نہ ملے تو گرفتاری کیلئے جانے والے تمام افسران کیخلاف مقدمہ درج کراوٴں گا۔

شیخ رشید و دیگر کی گرفتاری کیخلاف پٹیشن پر سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کی۔

دوران سماعت پولیس نے بیان دیا کہ شیخ رشید کا بھتیجا اور ملازم واپس آ چکے ہیں جس پر عدالت نے ریجنل پولیس آفیسر کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آر پی او صاحب آپ نے حد کراس کر دی ہے، آئندہ ہفتہ تک شیخ رشید کے نہ ملنے کی صورت میں گرفتار کرنے والے ایس ایس پی آپریشن، ڈی ایس پی اور 4 ایس ایچ اوز کیخلاف مقدمہ درج ہوگا۔

اس موقع پر وکیل پٹیشنز نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید کو گھر سے گرفتار کرکے گولڑہ میں انٹیلی جنس دفتر منتقل کیا گیا جس کی وڈیو بھی موجود ہے۔ جس پر عدالت نے واضح کیا کہ آر پی او صاحب آپ کو ایک ہفتہ کی آخری وارننگ ہے۔

عدالت نے پٹیشنر وکلاء اور پٹیشنر سے شیخ رشید کی گرفتاری بابت بیان حلفی طلب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کو ایک ہفتہ میں برآمد کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

Comments are closed.