ملک بھر میں جشن عیدمیلاد النبیﷺ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
فائل:فوٹو
اسلام آباد/ لاہور/کراچی: رحمت دو عالم، حضور پْرنور، حضرت محمد مصطفیﷺ کی ولادت باسعادت کا دن، ملک بھر میں جشن عیدمیلاد النبیﷺ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
اس مقدس دن کے موقع پر مساجد، گھروں، گلیوں، شاہراہوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کر رہی ہیں، مختلف علاقوں کو نعلین مبارک اور سبز پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت ﷺ میں ہدیہ درود و سلام اوراجتماعی دعاوٴں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔
دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
ولادت النبی ﷺ کے حوالے سے آج ملک بھر میں جلوس و ریلیاں نکالی جائیں گی۔
جماعت اہلسنّت کراچی کے زیراہتمام مرکزی جلوس علامہ سید شاہ عبدا لحق قادری دیگر علماء ومشائخ کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا۔
لاہور میں میلادالنبیﷺکا جلوس نوری مسجد ریلوے سٹیشن سے شروع ہوگا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پر اختتام پذیر ہوگا۔
Comments are closed.