عمران خان کی تقاریر نشر نہ کرنے پر پیمرا اور حکومت سے جواب طلب
فوٹو: فائل
کراچی: سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقاریر نشر نہ کرنے پر پیمرا اور حکومت سے جواب طلب، سندھ ہائیکورٹ نے عمران خان کی تقاریر میڈیا پر نشر نہ کرنے کے خلاف درخواست پر نوٹسز جاری کر دیئے.
عدالت نے وفاقی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا، سندھ ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی تقاریر میڈیا پر نشر نہ کرنے کے خلاف سماعت ہوئی۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹرعلی طاہر نے سماعت کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ پیمرا کوئی قانون تو بتائے کس قانون کے تحت پابندی لگائی ہے؟ تقریر اور تصاویر پرپابندی آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 4 واضح ہے قانون کی موجودگی کے بغیر کوئی کارروائی نہیں ہو سکتی، پیمرا کی کارروائی خلاف قانون ہے۔
بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ عدالت کو کیس کا فیصلہ جلد دینا چاہیئے تھا یہ آئینی خلاف ورزی کا معاملہ ہے۔عدالت نے وفاقی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیے اور آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے درخواست کی مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے اور آئندہ سماعت پر حکومت سے جواب طلب کیا گیا ہے.
Comments are closed.