راولپنڈی پولیس کو شیخ رشید سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
فائل:فوٹو
راولپنڈی: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے راولپنڈی پولیس کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد کے حوالے سے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی حراست کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پوچھا کہ آر پی او صاحب بتائیں شیخ رشید سے متعلق کیا پیشرفت ہے؟ آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے جواب دیا کہ شیخ رشید ہمارے پاس نہیں اور جہاں سے حراست میں لیا گیا وہ بھی ہماری حدود نہیں۔
شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس نے گرفتارکیا ہے، ہمارے پاس شواہد موجود ہیں۔
آر پی او کے جواب پر عدالت نے کہا کیا آپ لکھ کر دینے کو تیار ہیں شیخ رشید آپ کے پاس نہیں؟ اگر کل کو شیخ رشید راولپنڈی سے برآمد ہوئے تو آپ کے خلاف کیس چلے گا تاہم آر پی او راولپنڈی نے عدالت سے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا۔
عدالت نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر شیخ رشید اور اس کے ساتھ گرفتار 2 دیگر اشخاص سے متعلق آگاہ کریں، آرپی اوصاحب امید ہے آپ شیخ رشید سے متعلق اچھی پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔
Comments are closed.