انتخابی عمل میں انتظامی سطح پر کسی خاص گروپ کی مخالفت یا حمایت نہیں کی جائے گی،نگران وزیراعظم

45 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہناہے کہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے انتخابی عمل میں انتظامی سطح پر کسی خاص گروپ کی مخالفت یا حمایت نہیں کی جائے گی، یقین دلاتا ہوں کہ انتخابی عمل صاف شفاف او رآزادانہ ہوگا۔

ترکیہ کے نشریاتی ادارے ”ٹی آرٹی“ کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم جلد انتخابی عمل میں داخل ہونے جا رہے ہیں، یقین دلاتا ہوں کہ انتخابی عمل صاف شفاف او رآزادانہ ہوگا اور اس عمل میں انتظامی سطح پر کسی خاص گروپ کی مخالفت یا حمایت نہیں کی جائے گی۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، ہر سیاسی جماعت کے پرامن احتجاج کا تحفظ کریں گے، تاہم تشدد آمیز مظاہروں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ انتخابی حلقہ بندیاں آئینی ضرورت ہے، ہم نے قانون اور آئین کے مطابق عمل کرنا ہے، انتخابی حلقہ بندیوں پر اعتراض سابق پارلیمنٹ میں قانون سازی کے وقت کیا جا سکتا تھا، الیکشن کمیشن بھی کوئی غیرقانونی کام نہیں کرسکتا۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو آئینی طریقے سے اقتدار سے الگ کیا گیا، آئین میں حکومت کی تشکیل اور ہٹانے کا طریقہ موجود ہے، سابق وزیراعظم امریکی سازش کے بیانیے سے خود پیچھے ہٹ گئے، بعض اوقات سیاستدان عوامی حمایت کیلئے ایسا بیانیہ بناتے ہیں۔

Comments are closed.