گلگت بلتستان، حلقہ جی بی ایل اے 13 استور ون کی نشست پرپولنگ جاری

46 / 100

فائل:فوٹو

گلگت: گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی ایل اے 13 استور ون کی نشست پر پولنگ جاری ہے۔الیکشن کمیشن کاکہناہے کہ صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا سلسلہ شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے حلقہ جی بی ایل اے 13 استور ون میں 14 امیدوار میدان میں موجود ہیں، حلقے میں 9 آزاد امیدواروں سمیت 14 امیدوار انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے خورشید احمد خان، مسلم لیگ (ن) نے رانا فرمان علی جبکہ پیپلز پارٹی نے عبدالحمید خان پر انحصار کیا ہے، اسی طرح عنایت اللہ میر جمعیت علمائے اسلام کے بینر تلے جبکہ عطا اللہ تحریک لبیک کے امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں قسمت آزما رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف گلگت بلتستان کی جانب سے ضلع استور کے حلقے میں ضمنی الیکشن کیلئے 56 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 31 پولنگ سٹیشن نارمل، 12 حساس جبکہ 13 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

حلقے میں پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے پولنگ عملے کی تعداد 264 رکھی گئی ہے جبکہ 363 اہلکار پولنگ کے دوران سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

جی بی ایل اے 13 استور میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 33 ہزار 378 ہے، جس میں سے 18 ہزار 231 مرد ووٹرز جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 15 ہزار147 ہے۔

ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے رانا فرمان، پیپلز پارٹی کے عبدالحمید اور تحریک انصاف کے خورشید احمد خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
خیال رہے کہ یہ نشست سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

Comments are closed.