حضرت امام حسین کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

50 / 100

فائل:فوٹو

راولپنڈی، کراچی، لاہور: ملک بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسین کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ چہلم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

راولپنڈی ، لاہور، کراچی ، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں روایتی جلوس اور تعزیے برآمد کئے جائیں گے اور اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

کراچی میں چہلم حضرت امام حسین کامرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا اور روایتی راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے، جلوس کی سکیورٹی پر 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہونگے اور ان کے ساتھ رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے، اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کی مدد سے جلوس کی سخت نگرانی کی جائیگی۔

چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر شہر بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جلوس کے دوران ہیلی کیم اڑانے پر پابندی ہوگی۔

لاہور میں چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوگیا جو مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

چہلم حضرت امام حسین کے حوالے سے لاہور پولیس نے سکیورٹی پلان تیار کر لیا، ڈی آئی جی آپریشنز علی رضوی کے مطابق مرکزی جلوس پر چار ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے، پولیس جوانوں کے ساتھ رضاکار بھی چیکنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔

مرکزی عزاداری جلوس کو تین درجاتی حفاظتی حصار پر مبنی سکیورٹی فراہم کی جائے گی، چیکنگ کے لئے میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے گا جبکہ خواتین کی چیکنگ کیلئے 193 لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات ہونگی۔

ڈی آئی جی آپریشنز علی رضوی نے کہا کہ امام بارگاہ اورعزاداری جلوس کے روٹ میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہونگے، مرکزی عزاداری جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، مرکزی جلوس کے روٹ اور اطراف پر ڈبل سواری اور ڈرون اڑانے پر پابندی ہوگی۔

ادھرراولپنڈی میں حضر ت امام حسین کے چہلم کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

چہلم کیلئے اسلام آباد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے2500 سے زائد افسران و اہلکارسکیورٹی پر مامور ہوں گے، جلوس کے روٹ کو بم ڈسپوزل سکواڈ کلیئر کرے گا،اور جلوس کی ڈرون کیمروں کے ذریعے ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے۔

Comments are closed.