نوازشریف کی پاکستان واپسی کی ایک اور تاریخ آگئی، تاریخ پہ تاریخ، 4 سال گزر گئے
فوٹو: سوشل میڈیا
لندن: نوازشریف کی پاکستان واپسی کی ایک اور تاریخ آگئی، تاریخ پہ تاریخ، 4 سال گزر گئے اس بار شہبازشریف نے واپسی کی نئی تاریخ دی ہے، مسلم لیگ ن کے صدر کہتے ہیں نواز شریف 15 اکتوبر میں پاکستان آئيں گے.
مسلم لیگ کے مشاورتی اجلاس کے بعد لندن میں میڈیا سے گفتگو میں تازہ تازہ وزارت عظمیٰ کی کرسی سے اتر کر برطانیہ پہنچنے والے سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا نوازشریف قانون کا سامنا کریں گے اور الیکشن مہم کی قیادت کریں گے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے اتنے یقین کے ساتھ یہ دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف الیکشن کی قیادت کریں گے جیسے انھیں کسی نے یقین دلایا ہو کہ نواز شریف کی سزا ختم ہوجائے گی.
شہباز شریف نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ نواز شریف پاکستان آکر قانون کا سامنا کریں گے، کہا کہ اللہ بعض ججز کو ہدایت عطا فرمائے، نواز شریف کا تو پاناما میں دور دور تک نام نہیں تھا، سازش کے ذریعے ملوث کیا گيا، اللہ نے نواز شریف کو سرخرو کیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چیف جسٹس نے جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے حال پر رپورٹ طلب کی ہے ، چیف جسٹس کو اُس وقت تو خیال نہ آیا جب نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں پہلی رات زمین پر سلایا گيا اور جیل کا کھانا کھانے پر مجبور کیا گيا، اُس وقت یہ جج کہاں تھے؟
انہوں نے کہا کہ یہ ناانصافی کی آخری حد ہے ، اسی دُہرے نظام کے باعث ملک میں انصاف کا نظام تباہ و برباد ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا پر آج ہی نوازشریف کی واپسی کی خبر چلنے کے احسن اقبال نے کہا تھا کہ نواز شریف واپس آئیں گے مگر ابھی تک تاریخ طے نہیں ہوئی، جبکہ لیگی رہنما گزشتہ کئی ماہ سے واپسی کی تاریخیں دیتے آرہے ہیں.
Comments are closed.