راولپنڈی کا بوستان ٹاون عملاً مسائلستان ٹاون بن کر رہ گیا
فوٹو: زمینی حقائق
آسیہ خان
راولپنڈی: راولپنڈی کے علاقے بوستان ٹاون کے مکین خانہ بدوشوں کی سی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، بوستان ٹاون میں گیس ہے نہ پانی مگر گندے پانی کے جوہڑ جگہ جگہ لگے ہیں.
بارش ہوتے ہی بستی کے اندر اور ارد گرد گندے سیلابی پانی کے تالاب کھڑے ہو جاتے ہیں جب کہ گلیاں گندے نالوں کی شکل اختیار کرجاتی ہیں جہاں سے گزرنا مشکل ہوتا ہے۔
بوستان ٹاون کی گلیاں پہلے سے ہی تنگ اور کچی تھیں اوپر سے پکی کرنے کے نام پر انھیں اکھاڑ کر چھوڑ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کا چلنا بھی دشوار ہے جب کہ پیدل چلنے والے نمازی شہریوں کے کپڑے ناپاک ہو جاتے ہیں.
جن بچوں کی سکول وینز لگی ہیں وہ پہلے کہتے ہیں اندر گلی میں نہیں جانا ،راولپنڈی کا بوستان ٹاون عملاً مسائلستان ٹاون بن کر رہ گیاہے۔ صوبائی حکومتوں نے توجہ دی نہ مقامی حکومت نے ، واسا ، سوئی گیس اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے ادارے بھی اس بستی کو بری طرح نظر انداز کئے ہوئے ہیں۔
سیاستدان انتخابات لڑنے کے وقت بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں مگر انتخابات کے بعد کبھی کسی نے بوستان ٹاون پر توجہ نہیں دی۔ علاقہ مکین گندگی اور پسماندگی کے باعث سخت اذیت کا شکار ہیں۔
لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ہم سے ہر قسم کے ٹکیسز لیتی ہے تو ہمارے مسائل کا بھی اداراک کرے ، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کیا ضروری ہے کہ ہم بھی کوئی سڑک بلاک اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچائیں تو تب سنی جائے؟
صفائی نہ ہونے کے باعث بوستان ٹاون کے رہائشی طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا ہیں پانی نہ ملنے کی وجہ سے ٹینکر مافیا نے الگ سے لوگوں کو پریشان کیا ہوا ہے۔
Comments are closed.