پاکستان کا 76 واں جشن آزادی آج جوش و جذبے سے منایا گیا

51 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد / لاہور/کراچی: پاکستان کا 76 واں جشن آزادی آج جوش و جذبے سے منایا گیا، یوم آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات ہوئیں اور ریلیاں نکالی گئیں۔

سرکاری و نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں شاندار چراغاں کیا گیا ہے جبکہ قومی پرچم، جھنڈیاں، بانیانِ پاکستان کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے ۔

وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی گئی، ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔

پاک فوج کی طرف سے لاہور میں21 توپوں کی سلامی اور مزار اقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی کی تقریب میں سول وعسکری حکام شریک ہوئے۔

واہگہ بارڈر پر صبح کے وقت پرچم کشائی جبکہ شام کو پرچم اتارے جانے کی تقریب ہوگی۔ رینجرز کا خصوصی اسکواڈ روایتی پریڈ کا مظاہرہ کرے گا۔ پاکستان اوربھارت کی سرحدی فورسز کے مابین مٹھائی،تحائف اور خیرسگالی کے جذبات کا تبادلہ ہوگا۔

مزار قائد پر تبدیلی گارڈزکی تقریب منعقد ہوئی، جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز علی الصبح وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبائی داراحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوئی، نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک وقوم کی ترقی، خوشحالی اور امن وسلامتی کی دعائیں مانگی گئیں اور پاک فوج اور رینجرز کے خصوصی دستے نے سلامی دی۔

صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر میں جشن آزادی بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے، یوم آزادی کا آغاز پشاور میں شاندار آتش بازی سے کیا گیا، جمرود باب خیبر اور لنڈی کوتل چروازئے کے مقام پر آتش بازی کی گئی، نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔

مزید بر اں متحدہ عرب امارات میں پاکستانی نوجوان کا جشن آزادی منانے کا انوکھا انداز، گہرے سمندر میں پاکستان اور یو اے ای کا پرچم لہرا دیا۔خاور اقبال نے متحدہ عرب امارات کے سمندر میں جاکر پاکستانی پرچم لہرایا۔

Comments are closed.