قلفی بیچنے والے ریڑھی بان کی ضمانت منظور ، رہا کرنے کا حکم

45 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل مسجد پارکنگ میں قلفی بیچنے والے ریڑھی بان فرمان اللہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے قلفی فروش کو سزا دینے مجسٹریٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

درخواست گزار کی جانب بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے دلائل دیے کہ بنیادی الزام لگایا گیا ہے کہ بغیر لائسنس کے ریڑھی لگائی گئی، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا فرد جرم عائد ہوچکی ہے ؟ ۔

جس پر عمر اعجاز گیلانی نے بتایا کہ ابھی تک کوئی چارج فریم نہیں ہوا، چالان جمع ہوا ہے، میرے موکل کو مجرم قرار دیا گیا جو کہ انہوں نے مانا کہ میں ریڑھی لگاتا ہوں، درخواست گزار اپنے گھر کو چلانے کے لیے فیصل مسجد کی پارکنگ میں ریڑھی لگاتا ہے، پورے شہر میں تجاوزات کون کررہے ہیں پورے شہر کو معلوم ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ کو معلوم ہے کون لوگ ہیں جو ایسا کرتے ہیں ؟ قانون کی بات کریں، کیوں کہ ابھی تک چارج فریم ہی نہیں ہوا، سزا معطل کرنے کے لئے چارج فریم کا ہونا ضروری ہے، اگر چارج فریم ہو تو ہی یہ عدالت شوکاز نوٹس جاری کرسکتی ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار ابھی جیل میں ہے یا ضمانت پر ہے؟۔

بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے بتایا کہ درخواست گزار تاحال جیل میں ہے، درخواست گزار کو ٹرائل کورٹ سے کوئی ریلیف نہیں ملا، دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Comments are closed.