گلگت میں سیاحوں کی بس کھائی میں گرنے سے5 افراد جاں بحق

46 / 100

فوٹو:فائل

گلگت: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں سیاحوں کی بس کھائی میں گر گئی۔حادثے میں پانچ افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ وزیراعظم ،چئیرمین سینیٹ ودیگر رہنماؤں نےدیامر، شاہراہ قراقرم پر تھلیچی کے مقام پر سیاحوں کی بس کو حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

افسوس ناک واقع شاہراہ قراقرم میں تھلیچی کے مقام پر بس کو موڑ کاٹتے ہوئے پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، بس میں 20 سے زائد افراد سوار تھے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

امدادی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا اور متعدد زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے دیامر، شاہراہ قراقرم پر تھلیچی کے مقام پر سیاحوں کی بس کو حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کیا اور گلگت بلتستان کے حکام کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی، وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا بھی حکم دیا۔

وزیراعظم نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے انکوائری کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دیامر کے بس حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر انتہائی دکھ اور افسوس ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی دیامر بس حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بھی حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Comments are closed.