انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت یکدم 5 روپے 47 پیسے کمی، 272 روپے کی سطح پر آ گیا

46 / 100

فائل:فوٹو

کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں آج ڈالر کی قیمت یکدم 5 روپے 47 پیسے گھٹ گئی، جس سے ڈالر 272 روپے کی سطح پر آ گیا۔

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے اسٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری کے بعد آج کاروباری دن کا آغاز ڈالر کی قیمت میں اچانک بڑی گراوٹ کے ساتھ ہوا۔

ڈالر کی قدر میں گزشتہ تین روز سے مسلسل کمی جاری تھی، جس کے بعد آج ڈالر کی انٹربینک مارکیٹ میں قیمت یکدم 5 روپے 47 پیسے گھٹ گئی، جس سے ڈالر 272 روپے کی سطح پر آ گیا۔بعد ازاں انٹربینک مارکیٹ میں اتار چڑھاوٴ کا رجحان شروع ہوا اور ڈالر کی قیمت 275 روپے 07 پیسے پر آ گئی۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی آئی ایم ایف اسٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور جمعرات کے روز 100 انڈیکس 116 پوائنٹس بڑھ کر 45631 کی سطح پر آ گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈالر کی انٹربینک مارکیٹ میں قیمت کمی کے بعد 278 روپے سے بھی نیچے آ گئی تھی جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر اپنی قدر گرنے کے بعد 281 روپے کی سطح پر تھا۔

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 2 ارب ڈالر اور گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی اسٹیٹ بینک کو منتقلی کے بعد روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جب کہ اسی اثنا میں آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے بھی پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔

Comments are closed.