توشہ خانہ کیس، چیئرمین پی ٹی آئی کو کل ذاتی حیثیت میں طلبی کا سمن، کیس روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا عندیہ

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو کل ذاتی حیثیت میں طلبی کا سمن جاری کرتے کیس روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا عندیہ دے دیا۔ جج ہمایوں دلاور اور وکیل شیر افضل مروت کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تو عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کے رویے کی وجہ سے میں ملزم کے وارنٹ جاری کردیتا ہوں۔ تاہم بیرسٹر گوہر نے مداخلت کرتے ہوئے شیر افضل مروت کو عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کردی ۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت کی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی لیگل ٹیم کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی کاپی عدالت میں جمع کروا دی گئی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کی کازلسٹ کینسل ہو گئی ہے، ہماری استدعا ہے کہ ہفتے کا دن سماعت کیلئے مقرر کر دیں کیونکہ کل سارا دن ہائیکورٹ میں لگے گا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کل تک سماعت ملتوی کر رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت سنیں گے، دوران سماعت وکیل شیر افضل مروت اور عدالت میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہم آج آپ کی کوئی بات نہیں سن رہے کل دیکھا جائے گا۔

شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا کہ آپ اس طرح نہیں کر سکتے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے آپ کو اسی مقصد کیلئے لایا گیا ہے ،عدالت نے ریمارکس دیے کہ اپ کے رویہ کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیتا ہوں، وکیل شیر افضل مروت بولے کہ اگر میں کہوں آپ کو بھی اسی کیس کیلئے لایا گیا ہے۔بیرسٹر گوہر نے مداخلت کرتے ہوئے وکیل شیر افضل مروت کو کورٹ روم سے جانے کی ہدایت کردی۔

بیرسٹر گوہر نے دلائل دیے کہ کل صبح گیارہ بجے تک سماعت ملتوی کر دیں ہم کل گیارہ بجے پیش ہو جائیں گے،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے گواہان کو کل دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

Comments are closed.