چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کےناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے گئے
فواد چوہدری کے وارنٹ بھی جاری
فائل:فوٹو
اسلام آباد: چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کےناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے گئے، الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔
الیکشن کمیشن نے آج کی سماعت میں وارنٹ جاری کئے اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی تاہم چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔
سماعت کے دوران اسد عمر کی جانب سے معاون وکیل عمائمہ منصور الیکشن کمیشن پیش ہوئیں اور انہوں نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے موٴقف اختیار کیا کہ انور منصور میڈیکل چیک اپ کے لیے چھٹیوں پر ہیں جب کہ اسد عمر بھی میڈیکل چیک اپ کے سلسلے میں مصروف ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ اس طرح تو ہر مرتبہ سماعت ملتوی نہیں کرسکتے، جس پر معاون وکیل نے جواب دیا کہ اسد عمر کئی مرتبہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوچکے ہیں۔ ممبر کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ توہینِ عدالت کے کیس میں حاضری لازمی ہوتی ہے۔ اس موقع پر معاون وکیل نے اسد عمر کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کردی۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ اس طرح تو کیس ختم ہی نہیں ہوگا۔ کمیشن نے کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
Comments are closed.