وزیراعظم شہباز شریف آرمی چیف کے دفاع میں سامنے آگئے، سوشل میڈیا مہم کی مذمت
فوٹو:فائل
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آرمی چیف کے دفاع میں سامنے آگئے، سوشل میڈیا مہم کی مذمت، کہا جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم ذہن سازی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح نو مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے جاری بیان میں کہا کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کیلئے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شر انگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں.
انھوں نے کہا کہ شہداء کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے، وزیراعظم کی متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت.
کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔
شہباز شریف نے کہا قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی، مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، ان شاءاللہ قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
Comments are closed.