بارش،لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم جگہ جگہ سے بند، بابوسر ٹاپ پر برفباری
فوٹو : فائل
گلگت: بارش،لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم جگہ جگہ سے بند، بابوسر ٹاپ پر برفباری سے 2 انچ سے زائد برف جم گئی، سیاحوں کے دونوں طرف شدید مشکلات کا سامنا ہے.
شاہراہ قراقرم لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات پر بند ہونے سے سیکڑوں مسافر اور سیاح پھنس گئے، رات اور صبح کی شدید بارشوں کے باعث گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے.
لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کیڈٹ کالج چلاس اور تتہ پانی کے مقام پر شاہراہ قراقرم کو بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے سیکنڑوں مسافر دونوں اطراف پھنسے ہوئے ہیں۔
آخری اطلاعات تک شاہراہ قراقرم کی بحالی کا کام تاحال شروع نہیں ہوسکا ہے، پھنسے ہوئے مسافروں میں سیاحوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے جنہوں نے شاہراہ کو جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بارش کے ساتھ برفباری بھی ہوئی ہے اور بابوسر ٹاپ پر 2 انچ سے زائد برفباری جب کہ مانسہرہ، بالاکوٹ اور ناران میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث دریائے کنہار، ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔
برفباری کے باعث انتظامیہ نے بابوسر ٹاپ کو سیاحوں اور مقامی افراد کے لئے بند کردیا ہے، ڈی آئی ایس پی بالاکوٹ کا کہنا ہے کہ بابوسرٹاپ کو خراب موسم کے باعث بند کیا ہے، موسم ٹھیک ہونے پر روڈ کو کھول دیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات نے بادل مزید برسنے کے ساتھ نشیبی علاقے زیر آب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کر رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، مشرقی و شمال مشرقی بلوچستان اور سندھ میں آج بادل مزید برسیں گے جب کہ پہاڑی علاقوں پر لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
Comments are closed.