وزیر اعظم کی قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر آج پر امن احتجاج کی اپیل
فائل:فوٹو
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سویڈن میں ہونے والی قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر آج بعد از نماز جمعہ پْر امن احتجاج کی اپیل کر تے ہوئے کہاہے کہ سانحہ سویڈن پر پوری امت مسلمہ مضطرب ہے۔ قرآن ہمارے لیے صرف قرات نہیں بلکہ جینے کا قرینہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ میرے اہل وطن! بات ہو قرآن کی تو قوم ایک ہے، سانحہ سویڈن پر پوری امت مسلمہ مضطرب ہے۔
انہوں نے ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے لکھا کہ یوم تقدیس قرآن کے عنوان سے آج ہم سب ایک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کریں گے اور بعد از نماز جمعہ پاکستانی مسلمانوں کے تمام طبقات ناموسِ قرآن کا پرچم اٹھا کر اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ قرآن ہمارے قلب میں ہے، قرآن ہمارے لیے صرف قرات نہیں بلکہ جینے کا قرینہ ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں آج’ یوم تقدیس قرآن ‘ منایا جا رہا ہے۔
Comments are closed.