سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف آج ملک بھر میں یوم تقدیس قرآن منایا جارہا ہے

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک بھر میں ’ یوم تقدیس قرآن ‘ منایا جا رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پوری قوم سے بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

ملک بھر میں پرامن احتجاجی جلوس نکالے جائیں گے جن میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی بھرپور مذمت کریں گے۔

اس کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علماء جمعہ کے خطبات کے دوران قرآن کریم کے تقدس پر روشنی ڈالیں گے۔

دوسری جانب کراچی کے تاجروں کا کہنا ہے کہ آج شہر کی مارکیٹیں دوپہر 2 سے 4 بجے تک احتجاجاً بند رکھی جائیں گی، یوم تقدیس کے موقع پر تاجر برادری کا مرکزی احتجاج سہ پہر 3 تا 4 بجے ریگل چوک صدر میں ہوگا۔کراچی کی تمام مارکیٹوں میں پرامن مظاہرے ہوں گے اور قرآن کریم کی تلاوت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کیخلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی برادری کی توجہ چاہتا ہے، ایوان تمام مذاہب کی تکریم اور الہامی کتابوں پر یقین رکھتا ہے،۔سویڈن حکام سے واقعے کے خلاف کارروائی پر زور دیتا ہے، اس بات کی توقع کی جاتی ہے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہیں ہوں گے۔

Comments are closed.