شانگلہ میں کرکٹ گراؤنڈ پر لینڈ سلائیڈ آگری، 8 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق
فوٹو: ریسکیو ون ون ٹو ٹو
شانگلہ: خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں کرکٹ گراؤنڈ پر لینڈ سلائیڈ آگری، 8 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے ہیں جن کی نعشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ مزید کی تلاش جاری ہے۔
حادثے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر شانگلہ حسن عابد نے بتایا کہ مرتونگ کے علاقے کز کلے میں ایک کرکٹ گراؤنڈ پر بچے کھیل رہے تھے کہ لینڈ سلائیڈ ہوگئی۔
کرکٹ کھیلنے والے بچے لینڈ سلائیڈنگ کے نیچے دب گئے جن کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن ہوا جس میں بعد میں پاک فوج کے امدادی دستے بھی روانہ کئے گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق تین ایمبولینسز، 28 اہلکار اور ایک ایکسویٹرسرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں جب کہ علاقہ مکین بھی ساتھ میں شامل ہیں۔
ریسکیو1122 شانگلہ / پہاڑی تودہ اپڈیٹس
مارتونگ میں ریسکیو1122 کا جاری سرچ آپریشن مکمل ہوگیا
ریسکیو1122 نے سرچ آپریشن کے دوران 8 جسد خاکی نکالے
مقامی افراد کے مطابق مزید کوئی بھی بچہ لاپتہ نہیں ہے
سرچ آپریشن کے دوران ریسکیو1122 کی 3 ایمبولینسز، 28 اہلکار اور ایکسویٹر نے حصہ لیا https://t.co/75YqyiECZ0 pic.twitter.com/YmtNW6WbDs
— KP_Rescue1122 (@KPRescue1122) July 6, 2023
ڈپٹی کمشنر شانگلہ حسن عابد کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی سرگرمی میں مصروف ہیں جبکہ رورل ہیلتھ سینٹر مرتونگ سمیت تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پران میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
شانگلہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مقامی افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ ملبے تلے دبے بچوں کی ممکنہ تعداد 8 سے 10 ہے جب کہ مزید آپریشن جاری ہے۔
کے پی ریسکیو ون ون ٹوٹو کی جانب سے بھی حادثہ کی اپ ڈیٹ دی جارہی ہیں جہاں آخری اطلاعات تک سرچ آپریشن جاری ہے۔
Comments are closed.