آئی ایم ایف معاہدہ کوئی مٹھائی نہیں،مجبوری ہے،وزیراعظم

45 / 100

فائل:فوٹو

پشاور :وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ کوئی مٹھائی نہیں،مجبوری ہے وہ وقت آئے گا کہ ہم دوسروں کو قرض دیں گے،قرضے لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے خیبرپختونخوا میں مختلف منصوبوں سمیت تورغر بونیر آر سی سی پل کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا ، وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اس موقع پر مقامی قبائلی عمائدین و مشران نے ملاقات کی ، وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ، مشیروزیراعظم انجینئر امیر مقام اور کیپٹن (ر) صفدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سنگ بنیاد کے موقع پر وزیراعظم نے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کے سنگ بنیاد پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ضلع تورغر میں سڑکوں، پلوں اور دیگرمنصوبوں سے اس پورے علاقے میں اب ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ ترقیاتی کام نوازشریف کا ویڑن ہیں، نواز شریف نیاپنے دور میں یہاں تاریخی منصوبے شروع کیے ، گزشتہ حکومت نے منصوبوں کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا اور وہ دور کرپشن اور غفلت کا بدترین دور تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے منصوبوں کو اب آگے بڑھایا جارہا ہے ، بجٹ میں منصوبوں کیلئیرقم مختص کردی ہے، وفاقی حکومت منصوبوں کی تکمیل میں صوبے کی معاونت کرے گی۔

وزیراعظم کوبونیر میں بھی مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بونیر اور تورغر کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں پر دن رات کام کیاجائے اور معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتا نہ کیاجائے۔

بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو مل کر پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے فیصلہ کرنا ہوگا، کے پی پاکستان کا ایک خوبصورت ترین صوبہ ہے، تربیلا ڈیم کیلئے یہاں کے لوگوں نے اپنی زمینیں دے دیں، خوشی ہے یہاں کے لوگوں نیپاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ، بدقسمتی سے ہم نے اپنے شہیدوں اور بزرگوں کا احترام نہ کیا۔

وزیراعظم نے آئی ایم ایف معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ کوئی مٹھائی نہیں،مجبوری ہے، آئی ایم ایف کا پہلا اسٹیپ مکمل ہوگیا ہے، 12جولائی کو آئی ایم ایف کے ساتھ بورڈ کی میٹنگ ہے، اند ر اور باہر بیٹھے کچھ مخالفین ملک کے دیوالیہ کیلئے دعائیں کررہے تھے، چائنہ ،سعودی عرب،یواے ای کا شکر گزار ہوں اسحاق ڈار اور ان کی معاشی ٹیم اور پاکستان کے سپہ سالار کا شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ وقت آئے گا کہ ہم دوسروں کو قرض دیں گے،قرضے لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

سویڈن واقعے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں سویڈن واقعہ پر پرامن احتجاج ہورہے ہیں، اس حرکت کی مذمت کرنا ہمارا حق ہے، ہم پوری دنیا کو بتائیں گے قرآن کی بے حرمتی ہمیں برداشت نہیں۔

Comments are closed.