ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مار کر ایک آمر نے جمہوریت کا قتل کیا تھا
فائل:فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کاکہناہے کہ جب پاکستان ایک مشکل دوراہے سے گزر رہا تھا، اس وقت نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا گیا اور نواز شریف نے ہی ملک کے اندر سیاسی استحکام کی بنیاد رکھی سازشی کرداروں نے نالائق کو ملک پر مسلط کیا اور پھر نااہل نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج سی پیک کے 10 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ سی پیک پاکستان اور چین کی قیادت کا خطے کے لیے ایک تحفہ ہے جو نواز شریف اور صدر شی جن پنگ کا وڑن ہے۔سی پیک منصوبے نے پاکستان کو 2013ء سے لے کر 2018ء تک ہر شعبے میں ترقی دینے کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت پچھلے ایک سال سے ملک کی معاشی تباہی، بدحالی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے جب کہ پچھلے 4 برسوں میں نالائق، نااہل اور چوروں نے ملک کو صرف تباہی کی طرف دھکیلا۔ کچھ سازشی کرداروں نے ایک نااہل اور چور کو ملک پر مسلط کیا۔ یہ کہانی صرف 4 سال کی نہیں، اس کی شروعات 2013ء میں شروع ہو چکی تھی۔
ان کاکہناتھا کہ 2013ء میں ملک کے اندر مہنگائی، دہشت گردی، بے روزگاری تھی، ملک ڈیفالٹ کی نہج پر تھا۔ لوگوں نے سمجھ لیا تھا کہ ملک کی مشکلات کا حل صرف نواز شریف کے پاس ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ جب پاکستان ایک مشکل دوراہے سے گزر رہا تھا، اس وقت نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا گیا اور نواز شریف نے ہی ملک کے اندر سیاسی استحکام کی بنیاد رکھی۔ صوبوں میں اکثریت رکھنے والی جماعتوں کو وہاں حکومتیں بنانے کا موقع دیا۔ انہوں نے 3 سال میں ملک کی خراب صورتحال بدلی تھی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کے باعث توانائی سمیت کئی بحران پیدا ہوئے۔جو کردار آج ملک جلا رہے ہیں، معاشی تباہی پیدا کر رہے ہیں، یہی کردار 2013-14ء میں سی پیک منصوبہ روکنے کے لیے کنٹینر پر کھڑے تھے۔ 2013ئسے پی ٹی آئی ملکی استحکام کے خلاف کام کر رہی ہے۔ سی پیک کا منصوبہ شروع ہوتے ہی سازشی عناصر متحرک ہو گئے تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کی خبر آئی تو ایک شخص ملک کی ترقی کے خلاف کنٹینر پر کھڑا ہو گیا۔ اس شخص نے سول نافرمانی کی تحریک کی کال دی۔ سی پیک منصوبے کے تحت توانائی کے منصوبے لگنے تھے، روزگار پیدا ہونا تھا، اور یہ شخص اس منصوبے کے خلاف کھڑا تھا۔ آج یہ شخص آئی ایم ایف کے پروگرام پر چیخیں مار رہا ہے، یہ پروگرام ہم نے تو نہیں لایا، اس منصوبے پر ہم نے دستخط نہیں کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی معیشت کو استحکام بخشا، آئی ایم ایف کو خیر باد کہا۔ 2017ء میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا تھا۔ ملکی تاریخ کا واحد آئی ایم ایف پروگرام تھا جو مکمل ہوا۔ نواز شریف ملک کے نوجوانوں کو خودمختار بنانا چاہتے تھے، وہ ملک کے اندر آئی ٹی، زراعت، برآمدات کو فروغ دینا چاہتے تھے اور انہوں نے صرف نعرے نہیں لگائے بلکہ یہ کرکے دکھایا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کے اندر 2013ء سے 2017ء تک 14 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی، دہشت گردی ختم کی، ملکی تاریخ کے سب سے بڑے دہشت گردی کے خاتمے کے آپریشنز شروع کیے جب کہ دوسری طرف ترقی کے منصوبوں کو روکنے کے لیے ایک شخص کنٹینر پر کھڑا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ملک کی بڑی خدمت کرنے والے کے ساتھ بڑی زیادتی کی گئی۔پاناما کا فیصلہ اقامہ میں تبدیل ہوا۔ نواز شریف کے خلاف اس لیے سازش کی جا رہی تھی کہ وہ عوام کو روزگار اور کاروبار دے رہا تھا، ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کر رہا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی برسی کا بھی دن ہے جب کہ آج 5 جولائی کے دن وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر شب خون مار کر ایک آمر نے جمہوریت کا قتل کیا تھا۔
Comments are closed.