آئی ایم ایف کا”ڈومور” عوام پر مزید بجلیاں گرائے گا، کیا کیا مہنگا ہونا ہے؟

8 / 100

فوٹو:فائل

اسلام آباد: آئی ایم ایف کا”ڈومور” عوام پر مزید بجلیاں گرائے گا، کیا کیا مہنگا ہونا ہے؟ کیونکہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس وسط جولائی میں ہو گا اور اس سے قبل شرائط کی نئی فہرست پر عمل درآمد کرنا ہے.

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے پاکستان کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کے بعد بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے جارہا ہے۔

معاہدے میں ہونے والی آئی ایم ایف شرائط کے تحت بجلی کی قیمتیں مزید بڑھیں گی جبکہ ملک بھر میں گیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے پہلے ہی بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانی ہوں گی۔ اس طرح بجلی کے بنیادی ٹیرف میں تقریباً 4 روپے فی یونٹ تک کے اضافے کا خدشہ ہے، اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔

ملک بھر میں گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے سے متعلق فیصلہ بھی جلد متوقع ہے۔ اس حوالے سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس ٹیرف میں 50 فیصد کے اضافے کی سمری حکومت کو بھجوا رکھی ہے۔

آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان معاہدے سے پیٹرولیم لیوی میں بھی اضافہ ہوگا جو پہلے 50 فیصد تھی اب بڑھے گی اسی لئے روسی تیل آنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی بلکہ قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔

وفاقی حکومت کے پاس اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کی گنجائش موجود ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کا 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پراتفاق ہوگیاہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف کی یہ رقم قسطوں میں ملنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے آئی ایم ایف کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسٹاف لیول معاہدہ پر اتفاق ہو گیا ہے ۔ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان 3 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان سے معاہدے کی تصدیق بھی کردی ہے،آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ وسط جولائی میں اس معاہدے کا جائزہ لے گا۔

Comments are closed.