ملک بھر میں عید الاضحٰی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

52 / 100

فوٹو:فائل
اسلام آباد/لاہور /کراچی: ملک بھر میں عید الاضحٰی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی ۔ نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

فرزندان اسلام حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں عیدالاضحیٰ منا رہے ہیں۔ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس کے علاوہ فلسطین و مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لیے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عید کی نماز اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاوٴن لاہور میں ادا کی، قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں نماز عید ادا کی۔

گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے گورنر ہاوٴس میں نماز عید ادا کی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ایبٹ آباد میں نماز عید ادا کی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید پڑھائی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جناح گراوٴنڈ (پولو گراوٴنڈ) میں عید کی نماز ادا کی۔

اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ہونے والے نماز عید کے اجتماع میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ ، سفارتکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔

نمازِ عید کے اجتماعات کے دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات تھی۔

لاہور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں فرزندان توحید سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی بھی کر رہے ہیں جس کا سلسلہ عید کے تیسرے روز تک جاری رہے گا۔

نماز عید الاضحی کے بعد تینوں ایام میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانور قربان کیے جا رہے ہیں، شہری اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کر رہے ہیں، قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو عید مبارک دی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں امن، اتحاد، یگانگت اور نوع انسانی کیلئے بے لوث قربانی کا درس دیتی ہے، آج کا دن شہدا پاکستان کی وطن عزیز کیلئے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، یہ شہداء وطن ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

ادھر اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کا سکیورٹی پلان جاری کردیا گیا ہے۔ عیدالاضحیٰ پر 3000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل مسجد سمیت تمام مساجد و عیدگاہوں کی سکیورٹی کو موثر بنایا گیاہے، ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک کے خصوصی دستے تعینات ہیں اس کے ساتھ ساتھ ڈولفن کے مستعد اہلکار مختلف علاقوں میں گشت پر مامور رہیں گے۔

Comments are closed.