بارشیں شروع ، پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے کےواقعات میں 8 افراد جاں بحق،4 زخمی
فوٹو:فائل
اسلام آباد: بارشیں شروع ، پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے کےواقعات میں 8 افراد جاں بحق،4 زخمی ہوگئے ہیں مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پینگوئی کے مطابق بارشیں شروع ہوگئیں جس سے کئی شہروں میں کچھ علاقوں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔
راولپنڈی کے علاقے شکریال ، صادق آباد سمیت مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ گلیوں میں سیلابی ریلے بہنے لگے۔
ادھرضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ، ظفر ووال میں میں بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گر گئی ، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات موضع رتن پور، چانگو والی، قانگوئی میں پیش آئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے باعث دو بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہو گئے ۔اس دوران 4 افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
شیخوپورہ میں بھی آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 2افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا، حکام کے مطابق واقعات منڈیالہ گاؤں اور چک شاہ پور میں رونما ہوئے۔
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اطراف میں تیزہواوں کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ، دیگر شہروں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔ کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے دیگر شہروں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ۔ خضدار میں موسلادھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ،کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ مستونگ میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی۔
موسلادھار بارش کے باعث پنچپائی کے علاقے میں ریلوے ٹریک زیرآب آگئے ۔ جس کے باعث ریلوے ٹریکس کو نقصان پہنچے کا خدشہ ہے۔
قلات اور اطراف کے علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی ، بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ، گرمی کا زور ٹوٹ گیا،ملک بھر میں شدید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا۔
اس سے قبل ٹویٹر پیغام میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آج سے ملک بھر میں 30 جون تک پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے، پری مون سون بارشوں سے موجودہ شدید گرمی کی لہرمیں کمی کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا میں بھی موسلاد ھاربارش کا امکان ہے۔ سسٹم کے زیر اثر بلوچستان،جنوبی پنجاب اورسندھ میں آندھی،گرج چمک اورموسلادھار بارش کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ،پہاڑی علاقوں میں سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے، تمام متعلقہ اور مقامی اداروں کو الرٹ رہنے اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔
شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں سے درخواست ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے تیز ہوائوں اور بارشوں کے دوران کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور ندی نالوں سے دور رہیں
Comments are closed.