اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی پیپلز پارٹی نے بنیادی رکنیت معطل کردی
فوٹو: فائل
اسلام آباد: اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی پیپلز پارٹی نے بنیادی رکنیت معطل کردی،دونوں سینئر وکلا کی سی ای سی کی رکنیت منسوخ کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے صدررانا فاروق سعید نے نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو میں سینیئر وکلا اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی بنیادی رکنیت معطل ہونے کی تصدیق کی ہے۔
رانا فاروق سعید نے کہا کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی بنیادی رکنیت معطل کر دی گئی ہے ان کا کہنا تھا دونوں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی پارٹی کی سی ای سی کی رکنیت منسوخی کیلئے پارٹی کو سفارش کی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی پارٹی سے برطرفی کا فیصلہ سی ای سی اجلاس میں متوقع ہے۔
اس سے قبل پیپلزپارٹی نے آج ہی لطیف کھوسہ کی بنیادی رکنیت ختم کی تھی اور پارٹی کے سینٹرل پنجاب آفس میں ‘وال آف شیم’ کا افتتاح کیا گیا جس میں لطیف کھوسہ کی تصویر لگائی گئی تھی۔
واضح رہے عمران خان نے پیر کو لطیف کھوسہ سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی تھی ملاقات میں جمہوریت، آئین کے تحت میسر بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن جدوجہد میں تیزی لانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
بلوچستان کے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں اپنی نامزدگی کو عمران خان نے سپریم کورٹ میں لطیف کھوسہ کے ذریعے چیلنج کیا ہے۔
Comments are closed.