گزشتہ ایک سال پاکستان کو ڈی ریل اور غیرمستحکم کرنے کیلئے سیاسی ہلچل مچائی گئی ،وزیراعظم

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال طوفانی سال رہا جس میں پاکستان کو ڈی ریل اور غیرمستحکم کرنے کیلئے سیاسی ہلچل مچائی گئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی مجھے 4 سال جیلوں میں گھماتے رہے، ثبوت تھے تو سامنے لے آتے۔

مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کر دیا، مارگلہ ایونیو کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میں ایک خطا کار انسان ہوں، حوصلہ افزائی اور ہمت افزائی کرنے پر رانا ثناء اللہ کا شکر گزار ہوں، پاکستان ضرور قائد کا پاکستان بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال طوفانی سال رہا جس میں پاکستان کو ڈی ریل اور غیرمستحکم کرنے کیلئے سیاسی ہلچل مچائی گئی

، سازشیں کی گئیں، امریکا نواز حکومت کا الزام لگایا گیا، بالاآخر 9 مئی کو ان کی سازشیں انتہاوٴں کو چھو گئیں اور وہ کام ہوا جو دشمن بھی نہیں سوچ سکتا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ان شا اللہ پاکستان قائد کا پاکستان بنے گا، آج صبح چین کے ساتھ 1200 میگاواٹ کا نیو کلیئر پاور پراجیکٹ کا بھی معاہد ہوا ہے، پاکستان میں ایٹمی پلانٹ نواز شریف کے دور میں لگے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 برسوں میں عمران خان نے چین کے حوالے سے ہر چیز بند کر دی تھی، الٹے سیدھے الزامات لگائے کہ شہباز شریف نے سی پیک منصوبوں میں سے 45 فیصد کمیشن کھایا ہے، اگر ایسا تھا تو 4 سال مجھے جیلوں میں گھماتے رہے اْس وقت ثبوت لے آتے، خدا کا شکر ہے کہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج ہم اختلافات اور سازشیں ختم کر کے قوم کی طرح آگے بڑھنے کا وعدہ کریں تو جس سفر میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں اس میں جلد آگے نکل جائیں گے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان سویٹ ہومز کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے 4 ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے وینز میں طالبات کے ساتھ بیٹھ کر گفتگو بھی کی۔

Comments are closed.