اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا کیس، فواد چوہدری 17 جون کو طلب

46 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد:اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں عدالت نے فواد چوہدری کو 17 جون کو طلب کرلیا۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر کے ضامن بھی آئندہ سماعت طلب کرلیے

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدری کیخلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔

فواد چوہدری کے طلبی کے سمن کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی۔ عدالت نے تعمیلی رپورٹ جمع کروانے والے پولیس اہلکار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کیا سمن کی تعمیل ایسے کروائی جاتی ہے،تعمیلی رپورٹ پر دستخط کروائے جاتے ہیں،شناختی کارڈ نمبر لکھا جاتا ہے ایک گواہ رکھا جاتا ہے ، آپ اپنے جونیئرز کو ایسے سیکھائیں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ فواد چوہدری کا فون نمبر بھی موجود ہے کیا آپ نے کال کی ہے؟ جس پر تعمیلی افسر نے جواب دیا کہ ملزم فواد چوہدری کا موبائل فون بند ہے، عدالت نے حکم دیا کہ ابھی پھر فون کریں اور بتائیں کہ آپ کا کیس ہے عدالت کیوں پیش نہیں ہوئے، عدالت حکم پر تعمیلی افسر نے بتایا کہ ابھی بھی فواد چوہدری کا نمبر بند ہے۔

جس پر عدالت نے طلبی کے سمن کی تعمیل نہ ہونے پر دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سترہ جون کو فواد چوہدری کو طلب کرلیا ، عدالت نے ہدایت کی کہ فواد چوہدری کے لاہور اور اسلام آباد کے گھر کے ایڈریس پر طلبی کے نوٹس کی تعمیل کی جائے اور آئندہ سماعت پر ان کے ضامنوں کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 جون تک ملتوی کردی۔

Comments are closed.