سینیٹر رضاربانی نے 9مئی واقعات کی فوجی عدالتوں میں مقدمہ کی مخالفت کردی
فوٹو: فائل
اسلام آباد: سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضاربانی نے 9مئی واقعات کی فوجی عدالتوں میں مقدمہ کی مخالفت کردی، رضا ربانی نے یہ بھی کہاکہ ملک میں ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعتیں بنانا چھوڑ دیں۔
وہ سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کررہے تھے پیپلز پارٹی کے سینئیر پارلیمنٹیرین سینیٹر رضاربانی نے کہا قومی اسمبلی کی مدت مکمل ہونے پر الیکشن وقت پر کروائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں مقدمات کی تائید قومی اسمبلی نے قرارداد کی صورت میں کی۔
انھوں نے کہا کہ پارلیمان کو ایسا کرنا یہ شیوا نہیں دیتا۔فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے کے اگرچہ قوانین موجود ہیں۔یہ ماورا آئین قوانین نہیں ہیں تاہم ہمیں فوجی عدالتوں کی بجائے آگے بڑھنے کا راستہ تلاش کرنا چاہیے۔
میاں رضا ربانی نے کہاہمارے پاس آئین موجود ہے ہمیں اس کے تحت آگے بڑھنا چاہیے،افسوس کہ آج عدلیہ،پارلیمان اور بیوروکریسی آئین کی اپنی تشریح کررہے ہیں۔پہلے بھی ایسے تجربے کئے جاتےرہے ہیں جو ناکام ہوچکے۔
سینیٹر رضاربانی نے کہا ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعتیں بنانا چھوڑ دیں۔اس کے خوفناک نتائج سامنے آتے ہیں۔قومی اسمبلی کی مدت مکمل ہونے پر الیکشن وقت پر کروائے جائیں۔
رضاربانی نے واضح کیا کہ جو نگران حکومت بنے وہ اضافی مدت میں موجود رہی تو اس کے خوفناک نتائج ہوں گے۔نگران حکومت کی بجائے آئندہ آنے والی حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ کرے۔
انھوں نے کہا ہر ادارہ آئین کے دائرہ میں رہتے ہوئے کردار ادا کرے، آئین پر عمل درآمد ضروری ہے،قانون کی بالادستی کے بغیر ملک میں اقتصادی استحکام نہیں آسکتا۔
Comments are closed.