خیبرپختونخوا اور پنجاب میں آندھی اور بارشیں،23 افراد جاں، 200 زخمی
فوٹو: سوشل میڈیا
پشاور، بنوں: خیبرپختونخوا اور پنجاب میں آندھی اور بارشیں،23 افراد جاں، 200 زخمی زیادہ تر اموات چھتیں اور دیواریں گرنے سے ہوئیں۔
بارش اور طوفان سے بنوں میں زیادہ تباہی ہوئی، جہاں درخت اور دیواریں گر نے 12 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔لکی مروت میں بھی ہولناک مناظردیکھے گئے۔
ادھر لکی مروت میں مختلف حادثات میں 5 افراد جان سے گئے، کرک میں بھی 4 افراد لقمہ اجل بنے،ایبٹ آباد اور سوات میں بھی سیلابی ریلے۔
آندھی اور بارش سے کئی گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر پڑیں۔مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد23 ہوگئی، جبکہ 200 سے زائد افرادزخمی ہوئے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفان سے درخت، کھمبےگرنے سےکئی سڑکیں بند،مواصلاتی اور بجلی کانظام درہم برہم ہوکر رہ گیا،کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
ڈائریکٹرجنرل ریسکیو نے بتایا کہ مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں کرک،بنوں اورلکی مروت میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
پنجاب کے شہرخوشاب میں بھی بارش کےبعد دیوار گرنے سے 3 بچیاں انتقال کرگئیں۔ لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 111 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی آندھی سے نظام زندگی متاثرہوا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بنوں افتخار شاہ نے بنوں اسپتال کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی ہے،آندھی کے باعث پولیس کی 7 سے زیادہ عمارتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
محکمہ ریلیف، بحالی اور آبادکاری خیبر پختونخوا کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ محکمہ کے سیکریٹری نے امدادی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ لوگوں کو حکومتی پالیسیوں کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا،جب کہ نگران وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کا بارش اور آندھی کے باعث ہونے والے نقصانات پر رد عمل سامنے آیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں آندھی و طوفانی بارش ہوئی اور مختلف اضلاع سے شہریوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زیادہ متاثرہ اضلاع بنوں، لکی مروت اور کرک کی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، متاثرہ اضلاع کے ہسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ان کے مطابق پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور آندھی اور طوفانی بارش سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کی گئی موسمیاتی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کے پی کے بیشتر اضلاع میں موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
شام اور رات کے وقت صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں آندھی/مٹی کے طوفان اور کچھ علاوں میں وفقے وفقے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔
پیشگوئی میں کہا گیا کہ چترال، لوئر، اپر دیر، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور وزیرستان کے اضلاع میں چند مقامات پر شام اور رات کے اوقات میں آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کرم، ہنگو، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان، ٹانک، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، چارسدہ، پشاور، خیبر اور نوشہرہ کے اضلاع میں آندھی اور مٹی کے طوفان سے عمارتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں تمام متعلقہ حکام کو اس دوران چوکس رہنے کی ایڈوائزری جاری کی۔
Comments are closed.