اسلام آباد: پی ڈی ایم حکومت کا دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ، تاجروں نے مسترد کر دیا، یہ فیصلہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعظم نے کی تھی.
قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں سندھ، پنجاب اور کے پی کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، اجلاس میں بلوچستان کے وزیر منصوبہ بندی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے توانائی بچانے کےلیے دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کمرشل ایریاز 8 بجے بند ہوں گے، گرین انرجی کو فروغ دیں گے ،ایل ای ڈی بلب لگائیں گے۔
قومی توانائی بچت منصوبے کے تحت مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کے ردعمل میں مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے توانائی بچت پلان کو ناکام بچت پلان قرار دیدیا.
توانائی بچت منصوبے کے تحت مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی حکومتی تجویز کو سختی سے مستردکرتے ہیں ، حکومت تاجروں اور عوام کو سہولیات دینے کے بجائے انہیں زندہ درگور کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے.
صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ رات 8بجے مارکیٹیں بند کرنے کی تجویزملک بھر کی تاجر برادری کے لئے کسی صورت قابل قبول نہیں ہے.
تاجر اور عوام دشمن منصوبے کو نافذ المعل کرنے کی صورت میں تاجر برادری ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی،توانائی بچت کے غیر منطقی منصوبے کو ماضی قریب میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے.
حکومت اپنے شاہانہ طرزکو ترک کر دے تو ایسی صورت کا سامنا نہ کرنا پڑے، بجلی کے لائن لاسسز اور سسٹم کو اپ گریڈ کرکے توانائی کی بچت کرنے کے بجائے فضول فیصلوں سے اذیت پہنچنا حکمرانوں کا طرہ امتیاز ہے.
صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے کہا ملک بھر کی تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنے تاجروں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
Comments are closed.