فواد چوہدری کو تائب ہوکر بھی معافی نہ ملی، شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا
فائل:فوٹو
اسلام آباد:تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری کو تائب ہوکر بھی معافی نہ ملی، شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا، توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری ایک مرتبہ پھر پیش نہ ہوئے، الیکشن کمیشن نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے فواد چودھری کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔
فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت پانچ رکنی کمیشن نے کی، فواد چودھری کی جانب سے معاون وکیل پیش ہوئے اور وکیل فیصل چودھری کی سیشن کورٹ اسلام آباد میں مصروفیت کے بارے میں بتایا۔
ممبر کمیشن نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن بھی کورٹ ہے، ہم وکلاء کا انتظار تو نہیں کرسکتے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن 28 فروری سے آج تک 6 سماعتیں کر چکا، فواد چوہدری تاحال اس کیس میں پیش نہیں ہوئے،معاون وکیل نے کمیشن سے انتظار کرنے کی استدعا کی تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وقفے تک وکیل پیش نہیں ہوتے تو پھر الیکشن کمیشن کارروائی آگے بڑھائے گا۔
وکیل کی عدم پیشی پر فواد چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کریں گے۔وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی پھر بھی وکیل پیش نہ ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 15 جون تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.