وزارت مذہبی امور کا سعودی عرب میں موجود غیر فعال سٹاف واپس بلانے کا فیصلہ
فوٹو : فائل
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور کا سعودی عرب میں موجود غیر فعال سٹاف واپس بلانے کا فیصلہ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ فرائض میں دلچسپی نہ لینے والے معاونین، حجاج اور منسٹری کے سٹاف کو فوری طورپر سعودی عرب سے پاکستان واپس بھیج دیا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور میں وفاقی سیکریٹری آفتاب اکبر درانی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل حج، ڈائریکٹر مکہ، ڈائریکٹر مدینہ، ڈائریکٹر ایم سی او، ڈائریکٹر معاونین اور ڈائریکٹر مانیٹرنگ نے بھی بذریعہ زوم شرکت کی۔
میٹنگ میں حج آپریشن کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی اور حجاج کو درپیش مشکلات کا بغور جائزہ لیا گیا جو وفاقی وزیر سینٹر طلحہ محمود کو مختلف ذرائع سے موصول ہوئی تھی۔
ان مسائل کے حوالے سے وفاقی وزیر سینٹر طلحہ محمود نے ڈائریکٹر جنرل حج کو ایک تفصیلی خط بھی لکھا تھا، اس اجلاس میں ان مسائل پر سیر حاصل بحث ہوئی اور متعلقہ شعبوں میں تعینات افسران سے پوچھ گچھ کی گئی۔
سعودی عرب میں تعینات تمام ڈائریکٹر صاحبان نے اپنے اپنے شعبے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری آفتاب اکبر درانی نے تمام ذمہ داران کو ہدایات جاری کی کہ آپس میں باہمی روابط کو مزید بڑھائیں اور حاجیوں کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
انھوں یہ بھی ہدایات جاری کیں کہ اپنے فرائض میں دلچسپی نہ لینے والے معاونین، حجاج اور منسٹری کے سٹاف کو فوری طورپر وطن واپس بھیج دیا جائے۔ ڈائریکٹر مدینہ کی درخواست پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا.
مزید تجربہ کار معاونین کومکہ سے مدینہ منورہ بھیجا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل حج اور ڈائریکٹر صاحبان نے یقین دہانی کرائی کہ حجاج کی معاونت اور خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی.
تمام تر وسائل کو استعمال میں لایا جارہا ہے۔ انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ حجاج کو شکایت کا موقع نہیں دیا جائے گا۔
Comments are closed.