عمران خان پارٹی خواتین کے ساتھ بدسلوکی پررنجیدہ، چیف جسٹس سے ازخود نوٹس کا مطالبہ

50 / 100

فوٹو: فائل

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پارٹی خواتین کے ساتھ بدسلوکی پررنجیدہ، چیف جسٹس سے ازخود نوٹس کا مطالبہ ، کہا سپریم کورٹ جوڈیشل انکوائری کرے تو ہم اس میں پورا تعاون کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے قوم سے خطاب  میں کہا کہ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس نے خواتین کے ساتھ ناروا اورغیر انسانی سلوک سے متعلق شکوک و شبہات بڑھا دیئے ہیں۔

عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اب یا تو انہیں خوف ہے کہ خواتین رہا ہو کر بدسلوکی سے متعلق بتائیں گی یا پھر ان سے کچھ مس ہینڈل ہو گیا جس کا انہیں اب خوف ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اپنی زندگی میں خواتین کیساتھ ایسا سلوک نہیں دیکھا جو اس دور میں ہو رہا ہے اور پچھلے برس 25 مئی کو بھی انہوں نے پلان کر کے خواتین کو ہراساں کیا۔

 انھوں نےکہا کہ  تشدد کا نشانہ اس لئے بنایا تاکہ خواتین میں خوف پھیلے، اس سے بڑا ظلم کیا ہوگا کہ خوف پھیلا کر 50 فیصد آبادی کو سیاست سے دور کر دیں۔

عمران خان نے کہا صرف مجھے سیاست سے باہر رکھنے کیلئے ملک کو تباہ نہ کریں، جتنے لوگ توڑنے ہیں جلدی توڑ لیں وقت ضائع نہ کریں، ملک کو بچانے کی خاطر فوری انتخابات کا اعلان کریں۔

عمران خان نے کہا ہے کہ اب تک تو لگ رہا ہے کہ آپ اپنی طاقت، آزادی طاقتور کے سامنے ختم کرتے جا رہے ہیں لیکن جس طرح ہمارے بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں اس پر آپ کو سٹینڈ لینا پڑے گا۔

انھوں نے کہا چیف جسٹس سے ازخود نوٹس کی اپیل کرتا ہوں کہ جن خواتین نے صرف پرامن احتجاج کیا انہیں رہا کرایا جائے اور اس واقعے کی مکمل جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور ہم اس میں بھرپور تعاون کریں گے۔

کہا تحریک انصاف وہ جماعت ہے جس میں ہر طبقہ فکر سے خواتین شامل ہو کر قومی سیاست میں شامل ہوئیں، حقیقی جمہوریت کا مطلب ہے حقیقی آزادی، جہاں ملک کی عدلیہ بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کرکے انسانوں کو آزادی دیتی ہے اور وہ معاشرے ترقی کر جاتے ہیں۔

انھوں نے یاد دلایا کہ پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہےجنہوں نے انتشار اور توڑ پھوڑ کی ان کے خلاف کارروائی کی جائے لیکن اس کی آڑ میں پوری پارٹی کو ختم کرنا جمہوریت کی نفی اور جنگل کا قانون ہے۔

 پاکستان میں جس طرح کی چیزیں اب ہو رہی ہیں اس کا کوئی تصور نہیں کر سکتا تھا، ملک میں جمہوریت ختم ہو گئی ہے اس لیے میں اپنی سپریم کورٹ کے تمام 15 ججز سے عوام کی طرف سے اپیل کرتا ہوں کہ تاریخ آپ کا کردار یاد رکھے گی۔

Comments are closed.