عمران خان جب تک یہ لڑائی لڑ رہے ہیں میں اُن کے ساتھ کھڑا ہوں، شیخ رشید

50 / 100

فوٹو:فائل

راولپنڈی: سابق وزیرداخلہ و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہےعمران خان جب تک یہ لڑائی لڑ رہے ہیں میں اُن کے ساتھ کھڑا ہوں، شیخ رشید نے ٹوئٹر پر بیان میں سابق وزیراعظم سے یکجہتی کااظہار کیا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہے ہیں میں اُن کے ساتھ کھڑا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پچھلے 20 روز سے میری بہنوں، بھتیجوں، بھائیوں اور 30 برس پہلے وفات پا جانے والی والدہ کے گھر بھی پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔

 انہوں نے میری والدہ کے گھر کو توڑ پھوڑ دیا ہے، 3 آدمیوں کو مجھے ختم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے،ملک میں نہیں تھا لیکن اس کے باوجود 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں۔

 میں پاک فوج کو عظیم اور اس ملک کا محافظ سمجھتا ہوں لیکن میں بزدل نہیں ہوں، دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا، میں نے پاکستان کی حقیقی حکومت کے ذمہ داران کو لکھ دیا ہے کہ زیادتی کی ایک حد ہوتی ہے۔

 شیخ رشیداحمد کا کہنا ہے کہ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر جارہے ہیں وہ دباؤ برداشت نہیں کرسکتے لیکن موت میری محبوبہ ہے، ہتھکڑیاں میرا زیور ہیں اور جیل میرا سسرال ہے، جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہا ہے میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ جب وہ اقتدار میں ہوگا تو مجھ پر کوئی ذمہ داری نہیں کہ میرا کیا ہوگا، حق کا جھنڈا بلند رکھوں گا بےشک میری جان چلی جائے۔

Comments are closed.