چھاپوں اورخواتین کے ساتھ ریپ ایکٹ کے حوالے سے وزیرداخلہ کا موقف سامنے آگیا

50 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: چھاپوں اورخواتین کے ساتھ ریپ ایکٹ کے حوالے سے وزیرداخلہ کا موقف سامنے آگیا ہے اور انھوں نے ایسے کسی بھی ایکٹ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے سازش قرار دے دیا ہے۔

وزیرداخلہ راناثنا اللہ نے گزشتہ رات گئے ہنگامی پریس کانفرنس کی جس میں گھروں میں چھاپوں توڑ پھوڑ اور ریپ ایکٹ کے حوالے سے وضاحت سے بات کی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں نے ایک آڈیو پکڑی ہے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کسی کارکن کے گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ اور ریپ کا ڈراما رچا کر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک کو بدنام کرنا تھا۔

اس میں شامل کرداروں پر بھی نظر رکھی گئی، اس گفتگو میں 2 طرح کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی،پی ٹی آئی کے کسی بھی معروف کارکن کے گھر پر ایک باقاعدہ چھاپے کا منصوبہ بنایا جارہا تھا کہ وہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آئے۔

نتیجے میں وہاں پر ہلاکتیں ہوں اور پھر اس واقعے کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جائے کہ دیکھیں پاکستان میں انسانی حقوق کی کس طرح خلاف ورزی ہورہی ہے، لوگوں پر ظلم ہورہا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا منصوبہ ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لوگوں کے گھروں میں گھس کر انہیں ہلاک کر رہے ہیں۔

رانا ثنااللہ کے مطابق اسی گفتگو میں دوسری منصوبہ بندی یہ چل رہی تھی کہ ریپ ایکٹ کیا جائے یعنی باقاعدہ ریپ کیا جائے اور اس کا الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں پر لگایا جائے، یہ دعویٰ کیا جائے کہ یہ سب حکومت کی ایما پر ہورہا ہے اور اس واقعے کو انٹرنیشنل میڈیا میں اچھالا جائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس گفتگو میں اس بات کے امکانات پائے گئے کہ ریپ کا یہ ڈرامہ آج رات (گزشتہ رات) ہی رچایا جائے، اس لیے یہ ضروری سمجھا گیا کہ اس شیطانی منصوبے سے قوم کو آگاہ کیا جائے تاکہ اس گمراہ عمرانی ٹولے کا اصل چہرہ لوگوں کے سامنے عیاں ہو۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ ٹولہ اپنی سازشوں میں ناکام ہوگیا تو اس کے بعد انہوں نے کوشش کی کہ اس معاملے کو پوری دنیا میں اس انداز سے پھیلایا جائے کہ جیسے یہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں جو جو لوگ ملوث تھے انہیں قرار واقعی سزا ملے گی، انہیں ہر قیمت پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔

 رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں اس گمراہ ٹولے اور اس کے سرغنہ کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر اس طرح کے اور ڈرامے گھڑنے کی اور اپنے آپ کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش کی گئی تو ان شا اللہ وہ اس میں بھی ناکام ہوں گے۔

Comments are closed.