کورکمانڈرہاوس پر مبینہ حملے میں ملوث 16 ملزمان فوج کے حوالے

51 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: کورکمانڈرہاوس پر مبینہ حملے میں ملوث 16 ملزمان فوج کے حوالے ،لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مبینہ طور پر ملوث ایم پی اے سمیت 16 ملزمان کوفوجی عدالت میں ٹرائل کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔

انسداد دہشتگر دی عدالت سے ملٹری ایکٹ کے تحت کارروائی کیلئے کمانڈنگ افسر نے 16 شرپسندوں کی حراست مانگی تھی۔

لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ سے متعلق کیس میں انسداد دہشت گردی کی ایڈمنسٹریٹر جج عبہر گل خان نے جمعرات کو اپنا تحریری حکم جاری کیا۔

کور کمانڈرہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں یہ پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سابق ایم پی اے اکرم عثمان سمیت 16 ملزمان کو فوج کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا گیا، انسداد دہشت گردی عدالت نے کمانڈنگ افسر کی استدعا منظور کرلی۔

واضح رہےچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر سے نیب نے رینجرز کی بھاری نفری کی مدد سے گرفتار کیا تھا،اس پر پی ٹی آئی نے پرتشدد احتجاج کیا، تاہم سپریم کورٹ نے بعد میں یہ گرفتاری غیر قانونی قرار دے دی تھی۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے مبینہ طور پر جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاؤس، فوجی چھاؤنیوں سمیت عسکری و نجی تنصیبات پر حملے کئے ، پولیس نے ویڈیوز کی مدد سے درجنوں افراد کو حراست میں لیا تھا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فوج کے کمانڈنگ افسر عرفان اطہر نے استدعا کی ہے کہ جناح ہاؤس حملے سمیت 2 مقدمات میں گرفتار ایم پی اے سمیت 16 ملزمان کو فوج کے حوالے کیا جائے، یہ ملزمان لاہور کی کیمپ جیل میں قید ہیں۔

Comments are closed.