انتخابات کیس ،الیکشن کمیشن کا موقف تھا وسائل دیں انتخابات کروا دیں گے لیکن اب اس نے پنڈورا باکس کھول دیا ہے،چیف جسٹس
فائل:فوٹو
اسلام آباد: پنجاب انتخابات کے فیصلے پر الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دئیے کہ جس انداز میں سیاسی قوتیں کام کر رہی ہیں یہ درست نہیں۔ فیصلہ حتمی ہوجائے پھر عمل درآمد کرائیں گے، الیکشن کمیشن کا موقف تھا وسائل دیں انتخابات کروا دیں گے لیکن اب الیکشن کمیشن نے پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
عدالت عظمیٰ میں 14 مئی کو انتخابات کے فیصلے پر الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
سیکریٹری سپریم کورٹ بار مقتدر شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار اور وکلاء عدالت کے ساتھ ہیں، عدلیہ کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے پہلے یہ موقف اپنایا ہی نہیں تھا اور جو نکات پہلے نہیں اٹھائے کیا وہ اب اٹھائے جا سکتے ہیں، مناسب ہوگا یہ نکات کسی اور کو اٹھانے دیں جبکہ عدالتی دائرہ اختیار کا نکتہ بھی الیکشن کمیشن نے نہیں اٹھایا تھا۔ وفاقی حکومت یہ نکتہ اٹھا سکتی تھی لیکن انہوں نے نظرثانی دائر ہی نہیں کی۔سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیے۔
وکیل پی ٹی آئی علی ظفر ایڈوکیٹ نے کہا کہ نظرثانی کا دائرہ محدود ہوتا ہے اور نظرثانی درخواست میں نئے نکات نہیں اٹھائے جا سکتے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ درخواست قابل سماعت ہونے پر الیکشن کمیشن کا موقف سننا چاہتے ہیں، صوبائی حکومتوں کو بھی نوٹس جاری کرکے سنیں گے اور دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی نوٹس جاری کریں گے، بعض نکات غور طلب ہیں ان پر فیصلہ کریں گے۔
وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی نے موقف دیا کہ نظر ثانی کا دائرہ محدو د نہیں ہوتا اور ا?ئینی مقدمات میں دائرہ اختیار محدود نہیں ہوسکتا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ بھی مدنظر رکھیں کہ نظرثانی میں نئے نکات نہیں اٹھائے جا سکتے۔
وکیل پی ٹی آئی علی ظفر نے کہا کہ 14 مئی گزر چکا ہے اور آئین کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ نگراں حکومتیں اب غیر آئینی ہوچکی ہیں، عدالت اپنے فیصلے پر عمل کروائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ فیصلہ حتمی ہوجائے پھر عمل درآمد کرائیں گے، الیکشن کمیشن کا موقف تھا وسائل دیں انتخابات کروا دیں گے لیکن اب الیکشن کمیشن نے پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
علی ظفر ایڈوکیٹ نے کہا کہ ایک ہفتے کا وقت بہت زیادہ ہے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کل ایک اور اہم معاملہ ہے، جلدی تب کرتے جب معلوم ہوتا الیکشن کا وقت آگیا ہے اور جس انداز میں سیاسی قوتیں کام کر رہی ہیں یہ درست نہیں، لوگ جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں، ادارے خطرات اور دھمکیوں کی زد میں ہیں، لوگوں کی نجی اور سرکاری املاک کا نقصان ہو رہا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آئین پر عمل درآمد میرا فرض ہے جو کرتا ہوں لیکن باہر جو ماحول ہے اس میں آئین پر عمل درآمد کون کرائے گا، کسی ایک فریق کا اخلاقی معیار ہوتا تو دوسرے کو الزام دیتے اس لیے حکومت اور اپوزیشن سے کہتا ہوں اعلیٰ اخلاقی معیار کو تلاش کریں، فروری میں ایک فریق آئین کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ باہر جا کر دیکھیں کیا ہو رہا ہے، امن و امان کے ماحول کو برقرار رکھنے میں حصہ ڈالیں، مشکل وقت میں صبر کرنا ہوتا نہ کہ جھگڑا، لوگ آج دیواریں پھلانگ رہے تھے لیکن حکومت ناکام نظر آئی، تین چار دن دیکھیں گے یہ کیا ہو رہا ہے، ہم اپنا فرض ادا کرتے رہیں اور اداروں کا احترام کرنا ہوگا، لوگ گولیوں سے زخمی ہوئے اس مسئلے کو حل کیوں نہیں کیا گیا، جمہوریت کی بنیاد انتخابات ہیں، قانون کی حکمرانی کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل صاحب مذاکرات بحال کیوں نہیں کرائے۔ وکیل علی ظفر نے کہا کہ مذاکراتی ٹیم کے 2افراد گرفتار ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی کی تمام قیادت گرفتار ہے تو ایسے ماحول میں کیا مذاکرات ہو سکتے ہیں، اب مذاکرات نہیں صرف آئین پر عمل چاہیے۔
اٹارنی جنرل نے موقف دیا کہ بہت کوشش کرکے فریقین کو میز پر لایا تھا اور فریقین میں کافی حد تک اتفاق رائے ہوچکا تھا، کچھ وقت اور مل جاتا تو شاید مسئلہ حل ہو جاتا۔ وکیل علی ظفر نے کہا کہ گرفتاریاں جاری رہیں اور تاریخ پر اتفاق نہیں ہوسکا تھا، اٹارنی جنرل نے کہا کہ گزشتہ ہفتے جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کو جس انداز سے گرفتار کیا گیا اس سے خوف پھیلا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کو ریلیف مل چکا ہے، اٹارنی جنرل نے کہا کہ غلطی کی اصلاح عدالت کر چکی ہے۔
بعدازاں چیف جسٹس نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت، کے پی حکومت، پنجاب حکومت اور پی ٹی آئی کو بھی نوٹسز جاری کر دئیے۔ آئندہ سماعت کی تاریخ جاری کر دیں گے۔
Comments are closed.