پنجاب حکومت کا عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائیوں پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

45 / 100

فائل:فوٹو

لاہور: پنجاب حکومت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائیوں پر جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔جے آئی ٹی ہنگامہ آرائیوں کے حالیہ واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس آمد کے موقع پر صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں گزشتہ دنوں کے دوران جناح ہاوٴس،عسکری و سول تنصیبات میں تھوڑ پھوڑ اورجلاوٴ گھیراوٴ کے افسوسناک واقعات کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

جے آئی ٹی ہنگامہ آرائیوں کے حالیہ واقعات کی تحقیقات کر کے جامع رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔ اس سلسلے میں تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ تھوڑ پھوڑ والے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کرائی جائے گی۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ شرپسندوں کے خلاف تمام کیس انسدادہشت گردی کی عدالت میں چلائے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ پبلک پراسیکیوشن کو تمام کیسز کا فوری ٹرائل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی گناہ گار کو چھوڑیں گے نہیں اوربے گناہ کوپکڑیں گے نہیں۔شواہد اورثبوتوں کے ساتھ ہر شرپسند کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جناح ہاوٴس، عسکری، سول و نجی املاک پر حملے کرنے والے عناصر عبرت ناک سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔ ان شا اللہ 15مئی کو تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔ صورتحال میں بہتری آرہی ہے،عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ متعلقہ ادارے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے بہترین کوآرڈینیشن جاری رکھیں۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری فورس الرٹ ہے۔ اس موقع پر انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال او رشرپسندوں کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔

Comments are closed.