پلوامہ حملے کی حقیقت سابق گورنر مقبوضہ کشمیر نے بیان کردی، پاکستان
فوٹو: فائل
اسلام آباد: پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے نئے انکشافات پر کان دھرے اور بھارت کے پراپیگنڈا کا نوٹس لیا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ پلوامہ حملے کی حقیقت سابق گورنر مقبوضہ کشمیر نے بیان کردی، پاکستان نے اس پر عالمی برادری کے کردار کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نام نہاد سابق گورنر ستیہ پال ملک کے تازہ ترین انکشافات نے ایک بار پھر فروری 2019ء کے پلوامہ حملے پر پاکستان کے موقف کی تصدیق کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان پر الزام تراشی کرتا ہے تاکہ وہ اپنے شرمناک شکار کے بیانیے اور ہندوتوا کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے۔
ترجمان نے کہا بھارت یہ کام واضح طور پر ملکی سیاسی فائدے کے لیے کرتا ہے،ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس لے گی ۔
خود غرض سیاسی مفادات اور جھوٹ اور فریب پر مبنی پاکستان کے خلاف بھارت کی پروپیگنڈا مہم کا جائزہ لے گی، بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن کو متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے بھارت کو جواب دہ ٹھہرایا جائے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے جھوٹے بیانیے کا مقابلہ کرتا رہے گا اور مختلف اشتعال انگیزیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرے گا۔
Comments are closed.