پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ ٹیم نہ چل سکی دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 38 رنز سے شکست
فوٹو : کرکٹ پاکستان
لاہور: پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ ٹیم نہ چل سکی دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 38 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، قومی ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، محمد رضوان اپنی 24ویں نصف سنچری بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، انہیں میٹ ہینری نے کیچ آؤٹ کروایا۔
کپتان بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 193 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 154 رنز بنا پر آوٹ ہو گئی.
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا.
فخر زمان کو میٹ ہینری نے بولڈ کردیا۔ انکے بعد نئے آنے والے بلے باز صائم ایوب بھی کھاتہ نہ کھول سکے اور چھکا لگانے کی کوشش میں رویندرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے عماد وسیم کیریز پر آئے، انہوں نے 2 رنز بنائے اور جمی نیشم کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں کیپر کو ہی کیچ دے بیٹھے۔
پاکستانی ٹیم 105 رنز پر ہی 4 اہم وکٹوں سے محروم ہوئی تو افتخار احمد نے کپتان بابر اعظم کا ساتھ دیا اور دونوں کے درمیان 43 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ بنی۔
بابر اعظم نے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگا کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی جبکہ افتخار احمد نے ناقابلِ شکست 19 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ رچن رویندرا اور جمی نیشم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے محتاط آغاز کیا، لیکن پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے آگے کیوی بیٹرز زیادہ رنز نہ بٹور سکے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چپمین نے 65 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں چیڈ بوس 26 اور ٹام لیتھم 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر حارث رؤف کامیاب بولر ٹھہرے جنہوں نے 4 وکٹیں لیں، ان کے علاوہ شاداب خان، عماد وسیم اور زمان خان نے ایک ایک وکٹ لی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو شاندار بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے کیویز کو 88 رنز کے واضح مارجن سے شکست دی تھی۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔
پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل تھی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان ٹام لیتھم، چیڈ بوز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چپمین، جیمز نیشم، راچن رویندرا، کول مک کوچی، ہینری، شپلے، میٹ ہینری اور بین لسٹر شامل تھے.
Comments are closed.