آئین کہتا ہے کہ اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوگا
اسلام آباد: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے آئین کہتا ہے کہ اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوگا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ عوام کی رائے کا مظہر آئین پاکستان اور پارلیمان ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئےآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ریاست پاکستان کی سینٹر آف گریویٹی عوام ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ عوام اپنی رائے آئین اور پارلیمنٹ کے ذریعے استعمال کرتے ہیں، حاکمیت اعلی اللہ تعالی کی ہے، اللہ تعالیٰ کے اس حکم سے ہی آئین کو اختیار ملا ہے، آئین کہتا ہے کہ اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوگا۔
آرمی چیف نے 1973 کے آئین کے نفاذ کے 50 سال مکمل ہونے پر پارلیمنٹ اور ارکان کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اختیارات کا مرکز پاکستان کے عوام ہیں، آئین پاکستان اور پارلیمنٹ عوام کی رائے کا مظہر ہیں.
انھوں نے کہا کہ یہ کمپین ریاست پاکستان کی پہلے سے منظور شدہ اسٹریٹیجی ہے، یہ اسٹریٹیجی ڈیٹر، ڈائیلاگ اور ڈیولپمنٹ پر مبنی ہے، کمپین میں سیکیورٹی اداروں کے علاوہ حکومت کے تمام ضروری عناصر شامل ہوں گے.
کمپین میں قانونی، معاشی، معاشرتی خارجی ودیگر عناصر شامل ہوں گے، یہ نیا آپریشن نہیں بلکہ عوام کے غیرمتزلزل اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، اس وقت پاکستان میں الحمدللہ کوئی نوگوایریا نہیں رہا، اس کامیابی کے پیچھے ایک کثیر تعداد شہدا و غازیان کی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ شہدا نے اپنے خون سے وطن کی آبیاری کی ہے، دہشت گردی کے خلاف 80 ہزار سے زائد لوگوں نے قربانیاں پیش کیں، دہشت گردوں کے پاس ریاستی رٹ تسلیم کرنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں۔
آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس پی آر اور دیگر فوجی افسران اجلاس ختم ہونے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔
Comments are closed.