سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم، الیکشن فنڈز جاری نہ ہوئے، اب عدالت لگے گی
اسلام آباد: سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم، الیکشن فنڈز جاری نہ ہوئے، اب عدالت لگے گی، پنجاب میں انتخابات کرانے کے لئے حکومت کی طرف سے پیسے الیکشن کمیشن کو نہ مل سکے، سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی.
سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر حکم دیا تھا وزارت خزانہ21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو 10 اپریل تک جاری کردے، لیکن یہ رقم حکومت کی طرف سے الیکشن کمیشن کو فراہم نہیں کی گئی.
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے الیکشن اخراجات سے متعلق مَنی بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا، جسے ایوان نے قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا انتخابات ایک ساتھ کرائیں بچت ہوگی.
انھوں نے عدالتی حکم پر عملدرآمد کی بجائے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا سلیکٹڈ حکومت کو نکالا گیا تو ہمیں تباہ شدہ معیشت ملی، پی ٹی آئی کی پوری کوشش ہے ملک دیوالیہ ہوجائے، میرے غیر ملکی دورے پر شکوک و شبہات پھیلائے گئے.
وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے ملک کے حالات انتخابات کیلئے ناسازگار قرار دیتے ہوئے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سےپنجاب خیبر پختونخوا چارجڈ اخراجات بل 2023 قومی اسمبلی میں پیش کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر راجہ پرویز اشرف نے وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے فنڈز کی دستیابی کا بل ایوان میں پیش کرنے کی اجازت دی اور اسے قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے سپرد کر دیا۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ حکومت پارلیمان کی بالادستی، آئین اور قانون کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے، پی ٹی آئی نے ایک باقاعدہ منظم سازش کے ذریعے ملک میں آئین اور قانونی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی ہے.
قومی اسمبلی سے استعفے پیش کیے اور عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی اور اس کے ساتھ ساتھ پنجاب اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کو مقررہ مدت سے پہلے تحلیل کروایا ان اقدامات کا واحد مقصد سیاسی افراتفری اور لاقانونیت کو ہوا دینا ہے.
ملک میں انتخابات کا ہونا ایک آئینی ذمہ داری ہے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ قومی اور تمام صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی وقت میں نگراں حکومتوں کے زیر اہتمام کرائے جائیں، اس سے اخراجات کی مد میں بچت کی جاسکتی اور انتخابات منصفانہ، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ بنایا جاسکتا ہے۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں آزادانہ، شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کرائیں
Comments are closed.